سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودی عرب میں 53 ملین سے زائد شپمنٹس اور ڈاک پارسل صارفین تک پہنچائے گئے، جو ڈیلیوری خدمات میں مسلسل اضافے اور ای کامرس و لاجسٹکس کی بڑھتی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔

پارسل ڈیلیوری کمپنیوں کی کارکردگی کا انڈیکس یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہر ایک لاکھ شپمنٹس پر کتنی شکایات اتھارٹی تک پہنچیں۔ اس سہ ماہی میں AJEX اور iMile کے خلاف ایک ایک شکایت درج ہوئی، جبکہ DHL اور NAQEL کے خلاف دو دو شکایات رہیں۔

GFS اور StarLinks کے خلاف تقریباً 3، 3 شکایات، SPL اور RedBox کے خلاف 4، 4 اور JDL اور J&T کے خلاف 5، 5 شکایات درج ہوئیں۔ Aramex کے خلاف 6، SMSA کے خلاف 8، FedEx کے خلاف تقریباً 14 اور UPS کے خلاف تقریباً 16 شکایات ریکارڈ کی گئیں۔

اتھارٹی نے وضاحت کی کہ یہ وہ شکایات ہیں جنہیں کمپنیاں مقررہ مدت میں حل نہیں کر سکیں۔ صارف کو پہلے براہ راست ڈیلیوری کمپنی سے رابطہ کرنا چاہیے، اور مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں یونیفائیڈ نمبر 19929 کے ذریعے شکایت اتھارٹی تک پہنچائی جا سکتی ہے جو ضوابط کے مطابق کارروائی کرتی ہے۔

آن لائن خریداری کرنے والے مقیمین کے لیے یہ انڈیکس کمپنیوں کا موازنہ کرنے کا ایک مفید ذریعہ ہے اور حل نہ ہونے والی شکایات کے سرکاری راستے کی یاد دہانی بھی۔