سعودی عرب کے شہری دفاع کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے کیونکہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش آئندہ پیر تک جاری رہے گی۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں، سیلابی پانی جمع ہونے کی جگہوں اور وادیوں سے دور رہیں، ان میں نہانے یا تیرنے سے گریز کریں اور ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر جاری سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانی سے تیز بارش ہوگی جس سے سیلابی ریلے، ژالہ باری اور گرد و غبار اڑانے والی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس سے مکہ مکرمہ شہر، الکامل، الجموم، بحرہ، طائف، میسان، اضم اور العرضیات متاثر ہوں گے، جبکہ جدہ، خلیص، رابغ، اللیث، القنفذہ، رنیہ، تربہ، الخرمہ اور المویہ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔

جازان، عسیر، الباحہ، مدینہ منورہ، حائل اور قصیم ریجنز میں بھی سیلاب، ژالہ باری اور گرد آلود ہواؤں کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش ہوگی، جبکہ مشرقی ریجن، تبوک، الجوف اور شمالی سرحدی ریجن میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔