سعودی عرب کی زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی (زاتکا) نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے 2026 کی تیسری سہ ماہی کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں اور شہروں میں بازاروں اور تجارتی مراکز کے 59 ہزار سے زائد معائنے کیے۔
اتھارٹی کے سرکاری ترجمان حمود الحربی نے بتایا کہ معائنہ ٹیموں نے کئی تجارتی شعبوں کا جائزہ لیا، جن میں ریٹیل، سونا اور تمباکو کی دکانیں نمایاں تھیں۔
ان کے مطابق سب سے زیادہ سامنے آنے والی خلاف ورزیوں میں الیکٹرانک انوائس جاری نہ کرنا اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس وصول نہ کرنا شامل تھا، جبکہ ٹیکس اسٹیمپ کے بغیر تمباکو مصنوعات بھی پکڑی گئیں۔
الحربی نے کہا کہ ان معائنوں کا مقصد کاروباری اداروں میں نافذ ٹیکس قوانین کی پاسداری بڑھانا، ٹیکس انصاف یقینی بنانا اور اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں آنے والے ضوابط کی خلاف ورزی پر مبنی لین دین کو روکنا ہے۔
انہوں نے صارفین پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ٹیکس خلاف ورزی کی اطلاع زاتکا کی اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے دیں۔ مقررہ ضوابط کے تحت اتھارٹی اطلاع دینے والوں کو خلاف ورزیوں اور جرمانوں کی مالیت کا 2.5 فیصد انعام دیتی ہے، جو کم از کم 1,000 ریال اور زیادہ سے زیادہ 1 ملین ریال ہے۔
