رابطہ عالم اسلامی نے سعودی عرب کے خلاف دہشت گرد حوثی گروہ کی مسلسل جارحیت اور عام شہریوں و شہری مقامات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں چار شہری زخمی ہوئے جبکہ رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل اور ہیئت علمائے مسلمین کے سربراہ شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ان "غدارانہ دہشت گردانہ حملوں" کی ایک بار پھر مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے تمام دینی اقدار اور بین الاقوامی و انسانی قوانین اور روایات کی خلاف ورزی ہیں اور شہریوں اور شہری تنصیبات کو دانستہ نشانہ بنانے والی اس "دہشت گرد ملیشیا" کے مجرمانہ طرز عمل کو ثابت کرتے ہیں۔
العیسیٰ نے رابطہ کی عالمی مجالس، اداروں اور کونسلوں نیز اس کے پلیٹ فارم سے وابستہ تمام مسلم اقوام کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور کہا کہ مملکت جارحیت کرنے والوں کو روکنے، اپنی سلامتی کے تحفظ اور اپنے شہریوں اور مقیم افراد کی حفاظت کے لیے جو بھی اقدامات کرے گی، رابطہ اس کے ساتھ ہے۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مملکت، اس کی قیادت اور عوام کو ہر برائی سے محفوظ رکھے اور زخمیوں کو جلد شفا عطا فرمائے۔
