سعودی عرب کے رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس ’ورث‘ نے روایتی کڑھائی کے اپرنٹس شپ پروگرام کے لیے رجسٹریشن کھول دی ہے۔ امیدوار ادارے کی ویب سائٹ کے ذریعے 1 نومبر تک درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ انٹرویو اور عملی داخلہ ٹیسٹ 8 سے 19 نومبر 2026 تک ہوں گے۔

پروگرام میں تجربہ کار کاریگروں اور ماہرین کی نگرانی میں عملی تربیت دی جائے گی، جس کا مقصد ایسی نئی نسل تیار کرنا ہے جو اس فن کو محفوظ رکھے اور آگے بڑھائے۔

تربیت کا دورانیہ 18 ماہ ہے جو تین مراحل پر مشتمل ہے۔ یہ 3 جنوری 2027 سے ریاض کے علاقے الفوطہ میں ادارے کے صدر دفتر میں حضوری طور پر شروع ہوگی۔ تربیت حاصل کرنے والے کڑھائی کی تاریخ اور بنیادی اصول، خام مال کا انتخاب، روایتی ٹانکے، سلائی کی تکنیکیں اور ہاتھ کی کڑھائی سیکھیں گے تاکہ وہ روایت اور جدت کو یکجا کرنے والی مصنوعات تیار کر سکیں۔

نصاب میں پیداواری صلاحیت کا تجزیہ، وقت کا انتظام اور دستکاری کے کاروبار کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے، جس میں فزیبلٹی اسٹڈی سے لے کر قیمت مقرر کرنے اور مارکیٹنگ تک کے مراحل سکھائے جائیں گے، تاکہ شرکاء اس شعبے میں ملازمت کر سکیں یا اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔

’ورث‘ نے 2021 میں اپنے کام کا آغاز کیا تھا اور یہ روایتی فنون میں دلچسپی رکھنے والے سعودی نوجوانوں کی تربیت اور دستکاری کے شعبے کی ترقی کے ذریعے قومی ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے کام کر رہا ہے۔