ریاض ریجن میونسپلٹی نے سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی اور زکوٰۃ، ٹیکس و کسٹمز اتھارٹی کے ساتھ مل کر شمالی ریاض میں ای سگریٹ فروخت کرنے والی دکانوں پر مشترکہ مہم چلائی، جس میں تین دکانیں صحت کی شرائط کی خلاف ورزی کرتی پائی گئیں۔

مہم کے دوران مختلف ذائقوں والے ای سگریٹ مصنوعات کے 2302 پیک ضبط کیے گئے جو زائد المیعاد اور نامعلوم ماخذ کے تھے اور ان پر میعاد کی تاریخ درج نہیں تھی۔ ان کے نمونے خطرے کی سطح جانچنے کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں۔

میونسپلٹی نے کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ اور قواعد کی پابندی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ فیلڈ معائنے جاری رہیں گے۔

میونسپلٹی کے مطابق 'مدینتی' ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات فوری کارروائی میں مدد دیتی ہیں اور رہائشیوں کا تعاون معاشرے کے تحفظ میں مؤثر شراکت ہے۔