سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے عوام سے احتیاط برتنے، محفوظ مقامات پر رہنے، سیلابی پانی کے جمع ہونے کی جگہوں اور وادیوں سے دور رہنے اور ان میں تیراکی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ محکمے نے میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے جاری ہدایات پر عمل کرنے پر بھی زور دیا ہے، کیونکہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش آئندہ ہفتے کے دن تک جاری رہے گی۔

قومی مرکز برائے موسمیات نے اس سے قبل بتایا تھا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانی سے تیز بارش ہوگی جس سے سیلابی ریلے، ژالہ باری اور گرد و غبار اڑانے والی تیز ہوائیں متوقع ہیں۔ اس کا اثر مکہ مکرمہ شہر، الکامل، الجموم، بحرہ، طائف، میسان، اضم اور العرضیات پر ہوگا، جبکہ اللیث اور القنفذہ میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔

مرکز کے مطابق جازان، عسیر اور الباحہ ریجنز میں بھی درمیانی سے تیز بارش، سیلابی ریلے، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں ہوں گی، جبکہ مدینہ منورہ، حائل، تبوک، الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

ان علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سمیت تمام رہائشیوں، خصوصاً سڑک کے ذریعے سفر کرنے والوں کو سرکاری انتباہات پر نظر رکھنی چاہیے۔