سعودی عرب کے تمام علاقوں میں 8 سے 14 اکتوبر 2026 تک جاری رہنے والی مشترکہ سیکیورٹی مہمات کے دوران مجموعی طور پر 13,822 خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں 6,547 اقامہ قوانین، 3,896 سرحدی سلامتی کے قوانین اور 3,379 لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔

مملکت میں سرحد پار کر کے داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 2,021 افراد پکڑے گئے، جبکہ 28 افراد کو غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو لانے لے جانے، پناہ دینے، ملازمت دینے یا ان کی پردہ پوشی میں ملوث 24 افراد بھی گرفتار ہوئے۔

اس وقت 34,834 غیر ملکی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جن میں 32,433 مرد اور 2,401 خواتین شامل ہیں۔ 20,190 افراد کو سفری دستاویزات کے لیے ان کے سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا، 6,509 کو سفری بکنگ مکمل کرنے کے لیے بھیجا گیا اور 9,454 کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ جو شخص سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مملکت میں داخل ہونے میں سہولت دے، انہیں اندرونِ ملک منتقل کرے، رہائش فراہم کرے یا کسی بھی طرح کی مدد یا خدمت دے، اسے 15 سال تک قید، 10 لاکھ ریال تک جرمانہ، استعمال شدہ گاڑی اور رہائش کی ضبطی اور نام کی تشہیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔

وزارت کے مطابق یہ جرم قابلِ گرفتاری سنگین جرائم میں شامل ہے اور عزت و امانت کے منافی ہے۔ شہریوں اور مقیم افراد سے کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 اور باقی علاقوں میں 999 یا 996 پر خلاف ورزیوں کی اطلاع دیں۔