سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ جو شخص سرحدی سلامتی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مملکت میں داخل ہونے میں سہولت دے، انہیں ملک کے اندر ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جائے، انہیں پناہ دے یا کسی بھی شکل میں مدد یا خدمت فراہم کرے، اسے 15 سال تک قید اور ایک ملین ریال تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی اور رہائش کے لیے استعمال ہونے والا مکان ضبط کیا جا سکتا ہے، اور خلاف ورزی کرنے والے کا نام عام کیا جا سکتا ہے۔
وزارت کے مطابق یہ ایک بڑا جرم ہے جس پر گرفتاری لازم ہے، اور اسے عزت و امانت داری کے منافی جرم شمار کیا جاتا ہے۔
وزارت نے سب پر زور دیا ہے کہ وہ اقامت، محنت اور سرحدی سلامتی کے قوانین کی پابندی کریں۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں خلاف ورزیوں کی اطلاع 911 پر اور مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 پر دی جا سکتی ہے۔
