سعودی عرب کے قومی مرکز موسمیات نے آج جاری رپورٹ میں بتایا ہے کہ کل منگل سے آئندہ ہفتے کے روز تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے موسلا دھار بارش ہوگی، جس کے ساتھ سیلابی ریلوں، ژالہ باری اور گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے۔

جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ ریجن کی متعدد گورنریوں میں درمیانی سے موسلا دھار بارش کی توقع ہے، جبکہ مدینہ منورہ، تبوک، الجوف، شمالی سرحدی ریجن، حائل اور نجران کے کچھ حصوں کے علاوہ ریاض اور مشرقی ریجن کے جنوبی حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔

مکہ مکرمہ ریجن میں مکہ شہر، طائف، الجموم، بحرہ، میسان، اضم اور العرضیات میں ہفتے تک درمیانی سے موسلا دھار بارش ہوگی۔ جدہ، رابغ اور خلیص میں منگل سے جمعرات تک ہلکی بارش جبکہ اللیث اور القنفذہ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔

مرکز نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے ساتھ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ رفتار کی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، سیلاب اور ژالہ باری ہو سکتی ہے اور ساحلوں پر اونچی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔ شدید بارش کے دوران بگولے یا آبی بگولے بننے کا بھی امکان ہے۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق بعض علاقوں میں آئندہ ہفتے کے آخر تک بارش جاری رہ سکتی ہے۔ مرکز نے شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کی ویب سائٹ، ’انواء‘ ایپ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تازہ صورتحال اور انتباہات سے باخبر رہیں۔