قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق آج جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، حائل، تبوک، الجوف اور شمالی سرحدی ریجن کے بعض حصوں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے موسلا دھار بارش متوقع ہے، جس سے سیلابی ریلے آ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ژالہ باری اور گرد و غبار اڑانے والی تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔
ریاض اور مشرقی ریجن کے جنوبی حصوں اور نجران ریجن کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی، جبکہ رات اور صبح سویرے تبوک، مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ اور مشرقی ریجن کے ساحلی علاقوں میں دھند چھا سکتی ہے۔
بحیرہ احمر کے شمالی حصے میں شمال مغربی سے شمالی ہوائیں 12 سے 38 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جو گرج دار بادل بننے پر 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہیں۔ وسطی حصے میں رفتار 10 سے 32 کلومیٹر اور جنوبی حصے میں 15 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی، جو آبنائے باب المندب کی جانب 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ سکتی ہے۔
بحیرہ احمر میں لہروں کی اونچائی 0.5 سے 1.5 میٹر رہے گی جو گرج دار بادلوں کے دوران اور باب المندب کی جانب 2 میٹر سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ سمندر معمولی سے درمیانی لہروں والا ہوگا اور بادل بننے پر متلاطم ہو سکتا ہے۔
خلیج عرب کے شمالی حصے میں ہوائیں 10 سے 28 کلومیٹر فی گھنٹہ اور جنوبی حصے میں 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جن کا رخ رات کو مشرقی سے شمال مشرقی ہو جائے گا۔ لہریں 0.5 سے 1 میٹر تک بلند ہوں گی اور سمندر پرسکون رہے گا۔
