سعودی عرب کے تبوک ریجن کے چیمبر آف کامرس نے وزارت سرمایہ کاری کے تعاون سے ایک سروس شروع کی ہے جس کے تحت وہ نجی شعبے کے اداروں کی جانب سے ان کے سرمایہ کاری مواقع پیش کرے گا۔ ادارے اپنے سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع جمع کرا سکیں گے، جنہیں بعد میں وزارت کے انویسٹر میچنگ پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔
چیمبر کے مطابق ادارے اپنے مواقع کی تفصیلات آن لائن جمع کراتے ہیں، جس کے بعد چیمبر درخواستوں کا جائزہ لیتا ہے، شرائط کی تکمیل کی تصدیق کرتا ہے، ضرورت پڑنے پر نامکمل معلومات کے لیے اداروں کے نمائندوں سے رابطہ کرتا ہے اور پھر پورٹل کے طریقہ کار کے مطابق مواقع اپ لوڈ کرتا ہے۔
یہ سروس تین مراحل پر مشتمل ہے: موقع کی تفصیلات جمع کرانا، درخواست کا جائزہ اور تقاضوں کی تکمیل، اور آخر میں پورٹل پر موقع اپ لوڈ کرنا۔ ہر موقع کے لیے الگ درخواست دینا اور معلومات کا درست و مکمل ہونا ضروری ہے۔
چیمبر نے کہا کہ اس سروس کا مقصد مواقع کے مالکان کو موزوں سرمایہ کاروں سے جوڑنا اور مختلف اقتصادی شعبوں میں شراکت داری اور کاروباری ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اس نے نجی اداروں، کاروباری افراد اور منصوبوں کے مالکان پر زور دیا کہ وہ اس سے فائدہ اٹھائیں تاکہ ان کے مواقع ممکنہ سرمایہ کاروں تک پہنچیں اور تبوک ریجن میں سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمی کو تقویت ملے۔
