سعودی عرب کے مشرقی صوبے کی میونسپلٹی (امانہ) کے سرمایہ کاری اور ریونیو ڈیولپمنٹ نظام نے کوالٹی مینجمنٹ، کسٹمر سروس اور اثاثہ جات کے انتظام کے شعبوں میں تین بین الاقوامی آئی ایس او سرٹیفکیٹس حاصل کیے ہیں۔ یہ کامیابی وزارت بلدیات و ہاؤسنگ کے تعاون سے عالمی معیارات اپنانے اور سرمایہ کاروں کو بہتر خدمات دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ان سرٹیفکیٹس میں کوالٹی مینجمنٹ سسٹم (ISO 9001)، کسٹمر کانٹیکٹ سینٹرز کا کوالٹی مینجمنٹ سسٹم (ISO 18925-1:2017) اور اثاثہ جات کے انتظام کا نظام (ISO 55001) شامل ہیں۔ میونسپلٹی کے سرکاری ترجمان فیصل الزہرانی نے کہا کہ یہ سرٹیفکیٹس بہترین طریقہ کار پر عمل کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق زیر تعمیر سرمایہ کاری منصوبوں کی لاگت 30 ارب ریال سے زیادہ ہے، جو سیاحت، تفریح، صحت، تعلیم، ثقافت، کھیل، صنعت، ماحولیات اور سمندری سرمایہ کاری کے شعبوں پر محیط ہیں، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری تقریباً 7 ارب ریال ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میونسپلٹی سات ہزار سے زائد سرمایہ کاری معاہدوں کا انتظام کرتی ہے جن سے سالانہ 2 ارب ریال سے زیادہ آمدنی ہوتی ہے، اور 18 سرمایہ کاری شعبوں میں دستیاب بلدیاتی اثاثوں کے استعمال کی شرح 95 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔
الزہرانی نے کہا کہ میونسپلٹی نجی شعبے کے ساتھ شراکت بڑھانے اور مقامی، خلیجی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔
