سعودی عرب کی نیشنل واٹر کمپنی نے الباحہ ریجن کی گورنری بلجرشی میں سیوریج نظام کے کئی منصوبوں پر کام مکمل کر لیا ہے، جن کی مجموعی لاگت 214 ملین ریال سے تجاوز کر گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ منصوبے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، نظام کی کارکردگی میں اضافے اور صارفین کو دی جانے والی خدمات کا معیار بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں، جو سعودی ویژن 2030 اور معیارِ زندگی کے پروگراموں کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
ان منصوبوں میں سب سے نمایاں بائیولوجیکل میمبرین ٹیکنالوجی سے چلنے والا سیوریج کے پانی کی سہ مرحلہ صفائی کا پلانٹ ہے، جس کی مجموعی گنجائش یومیہ 6,250 مکعب میٹر ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 46 کلومیٹر طویل سیوریج نیٹ ورک اور 17 کلومیٹر سے زیادہ طویل مرکزی لائنیں بچھائی گئی ہیں جبکہ دو لفٹ اسٹیشن بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ منصوبوں کا دائرہ بلجرشی کے متعدد محلوں اور کئی دیہات کے کچھ حصوں تک پھیلا ہوا ہے، جس سے سیوریج خدمات کی رسائی بڑھے گی، نظام زیادہ مؤثر اور قابلِ اعتماد ہوگا اور ماحولیاتی پائیداری کو تقویت ملے گی۔
کمپنی نے متعلقہ محلوں اور دیہات کے صارفین سے کہا ہے کہ وہ گھروں کے سیوریج کنکشن کے لیے اپنی درخواستیں کمپنی کی اسمارٹ فون ایپ یا ای برانچ e.nwc.com.sa کے ذریعے جمع کرائیں۔
