سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) نے "ایئر عربیہ اتحاد" کو ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ (AOC) جاری کر دیا ہے۔ یہ اتحاد دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مرکز بنا کر ایک نئی قومی کم لاگت فضائی کمپنی چلائے گا۔ سرٹیفکیٹ سول ایوی ایشن قانون کے ضوابط کے تحت تمام ریگولیٹری، حفاظتی اور آپریشنل معیار پورے کرنے کے بعد دیا گیا۔
تقریب میں وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز اور گاکا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین انجینئر صالح بن ناصر الجاسر اور گاکا کے صدر عبدالعزیز بن عبداللہ الدعیلج موجود تھے۔
گاکا کے ایگزیکٹو نائب صدر برائے ہوابازی سلامتی و ماحولیاتی پائیداری کیپٹن سلیمان بن صالح المحیمیدی نے کہا: "دمام سے ایئر عربیہ کے آپریشنز کا آغاز فضائی نقل و حمل کی مارکیٹ میں مسابقت اور کارکردگی کو بہتر بنائے گا، مشرقی صوبے میں معاشی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے گا اور مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔"
انہوں نے بتایا کہ نئی ایئرلائن 24 اندرونی اور 57 بین الاقوامی منزلوں تک پروازیں چلائے گی اور 2030 تک سالانہ تقریباً 10 ملین (ایک کروڑ) مسافروں کو سفر کی سہولت دے گی، جو سعودی وژن 2030 کے پروگراموں سے ہم آہنگ ہے۔
گاکا نے 20 جولائی 2025 کو اعلان کیا تھا کہ ایئر عربیہ گروپ، نسما گروپ اور کُن ہولڈنگ پر مشتمل اس اتحاد نے سعودی اکثریتی ملکیت کے ساتھ بہترین پیشکش کی بنیاد پر یہ مقابلہ جیتا ہے۔ نئی ایئرلائن سے 2,400 سے زائد براہ راست ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ مشرقی صوبے میں مقیم پاکستانی اور دیگر تارکین وطن کے لیے یہ سفر کے مزید اختیارات کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
