سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قومی کم کرایہ فضائی کمپنی "ایئر عربیہ اتحاد" نے دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (GACA) سے ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ (AOC) ملنے کے بعد کیا گیا۔

اتحاد کے مطابق مشرقی صوبے سے اس کی پہلی پرواز اتوار 20 ستمبر 2026 کو ریاض کے لیے روانہ ہوگی۔

دمام ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد بن علی الحسنی نے کہا کہ اتحاد کی پروازیں متعدد منزلوں کے لیے ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دمام کو آپریشنل ہیڈکوارٹر بنا کر کام کا آغاز ایئرپورٹ کی بڑھتی ہوئی حیثیت اور اس کی صلاحیتوں پر شراکت داروں کے اعتماد کا مظہر ہے اور مشرقی صوبے کے فضائی نقل و حمل کے نظام میں اہم اضافہ ہے۔

الحسنی کے مطابق دمام ایئرپورٹس ترقی اور بہتر فضائی رابطوں کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور مشرقی صوبے سے مسافروں کے لیے سفری اختیارات بڑھانے پر کام جاری ہے، جو قومی ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس حکمت عملی کے تحت ایوی ایشن پروگرام اور سعودی ویژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 20 جولائی 2025 کو اعلان کیا تھا کہ ایئر عربیہ گروپ، نسما گروپ اور کن ہولڈنگ پر مشتمل اس اتحاد نے اکثریتی سعودی ملکیت کی بہترین پیشکش کے طور پر یہ مقابلہ جیتا ہے۔ مشرقی صوبے میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ ایک اور کم کرایہ سفری متبادل کی خبر ہے۔