سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی فارماسیوٹیکل انڈسٹریز اینڈ میڈیکل اپلائنسز کارپوریشن (اسپیماکو) اور اس کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی اسپیماکو بائیو نے جینیٹکس بایوتھیراپیوٹکس (Genetix Biotherapeutics Inc) کے ساتھ ایک خصوصی تعاون اور لائسنسنگ معاہدے پر دستخط کیے۔ اس کے تحت LYFGENIA™ اور ZYNTEGLO™ علاج کی سعودی عرب اور پورے مشرق وسطیٰ میں تیاری، مارکیٹنگ، پیداوار اور مقامی سطح پر منتقلی کی جائے گی۔
معاہدے پر امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں منعقدہ BIO International Convention 2026 کے سعودی پویلین میں دستخط ہوئے۔ تقریب نائب وزیر صحت برائے منصوبہ بندی و ترقی انجینئر عبدالعزیز بن حمد الرمیح کی سرپرستی میں ہوئی۔ اسپیماکو کی جانب سے نائب چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد بن حمدان الجدیع اور جینیٹکس کی جانب سے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ میک نے دستخط کیے۔
LYFGENIA™ اور ZYNTEGLO™ ایک ہی بار دی جانے والی جدید جین تھراپیز ہیں؛ پہلی سکل سیل انیمیا کے مریضوں کے لیے جبکہ دوسری خون کی منتقلی پر انحصار کرنے والے بیٹا تھیلیسیمیا کے بچوں اور بالغ مریضوں کے لیے ہے۔
کمپنیوں کے مطابق یہ طویل مدتی اسٹریٹجک شراکت داری سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے مریضوں کی جدید جین تھراپی تک رسائی تیز کرے گی اور علم کی منتقلی و بایو ٹیکنالوجی کی مقامی تیاری میں مدد دے گی۔ یہ معاہدہ وژن 2030، قومی بایو ٹیکنالوجی حکمت عملی اور قومی صنعتی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے۔
اسپیماکو اور اسپیماکو بائیو سعودی عرب، خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور مشرق وسطیٰ میں ریگولیٹری منظوریوں، تیاری اور تجارتی مارکیٹنگ کی ذمہ دار ہوں گی، جبکہ اسپیماکو اپنے صنعتی تجربے سے سعودی عرب کے اندر جدید مقامی پیداواری صلاحیت قائم کرے گی۔ تھیلیسیمیا سے متاثرہ خاندانوں کے لیے یہ پیش رفت خاص اہمیت رکھتی ہے۔

