سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر ہشام بن سعد الجضعی نے قومی ادارہ برائے صحت تحقیق کے اشتراک سے کلینیکل اسٹڈیز کے شعبے میں متعدد اقدامات کا آغاز کیا۔ یہ تقریب ریاض میں اتھارٹی کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی جس میں ادارے کے سربراہ ڈاکٹر فارس بن قاعد العنزی اور صحت کے اداروں اور تحقیقی مراکز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
پانچ اقدامات میں کلینیکل ٹرائلز کے معاہدے کے لیے رہنما دستاویز، کلینیکل ٹرائل یونٹس کے قیام اور ترقی کی رہنما دستاویز، اسپتالوں اور تحقیقی مراکز کا تعارفی پروفائل، کلینیکل اسٹڈیز کے لیے ریگولیٹری انحصار کا راستہ اور تحقیقی ادویات کے تعین کی رہنما دستاویز ’رائد‘ شامل ہیں۔
ڈاکٹر الجضعی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اتھارٹی، ادارے اور صحت کے شعبے کے دیگر شراکت داروں کے تعاون سے مملکت میں کلینیکل اسٹڈیز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے دوا سازی کی صنعت کی ترقی اور مریضوں تک جدید علاج کی جلد رسائی کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈاکٹر العنزی نے کہا کہ سعودی عرب میں صحت کی تحقیق اور جدت، خصوصاً کلینیکل ٹرائلز کے شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے اور اس شراکت نے قومی ماہرین کو اس عمل میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع دیا ہے۔
دونوں اداروں کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کلینیکل ٹرائلز کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، ان پر عمل درآمد تیز کرنا اور اعلیٰ ترین عالمی معیارات کے مطابق ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنا ہے۔ یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے صحت کے شعبے کی تبدیلی کے پروگرام سے ہم آہنگ ہیں اور مملکت میں مقیم مریضوں کے لیے نئے علاج تک رسائی آسان بنا سکتے ہیں۔

