سعودی ہلال احمر اتھارٹی کی مدینہ منورہ شاخ کی ایمبولینس ٹیموں نے 84 سالہ بھارتی خاتون معتمر کی نبض دوبارہ بحال کر دی، جنہیں مسجد نبوی میں جمعہ کی نماز کے دوران اچانک طبی ہنگامی صورتحال پیش آئی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی نمازیوں اور زائرین کی خدمت کے لیے مخصوص ایمبولینس تعیناتی منصوبے کے تحت ہوئی۔
ٹیم 56 سیکنڈ میں موقع پر پہنچی، ضروری ہنگامی طبی امداد دی اور نبض بحال ہونے تک سی پی آر (دل و پھیپھڑوں کی بحالی) جاری رکھی، جس کے بعد خاتون کو مزید طبی نگہداشت کے لیے باب جبریل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا۔
مدینہ منورہ شاخ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد بن علی الزہرانی نے کہا کہ ہنگامی کیسز میں تیز ردعمل مسجد نبوی اور اس کے اطراف میں ٹیموں کی اعلیٰ تیاری اور منظم تعیناتی کا نتیجہ ہے، جس سے نازک لمحات میں امداد ممکن ہوتی ہے اور جان بچانے کے امکانات بڑھتے ہیں۔
ڈاکٹر الزہرانی نے ٹیموں کی کارکردگی اور فوری ردعمل کو سراہا اور کہا کہ اتھارٹی نمازیوں، معتمرین اور مدینہ منورہ کے زائرین کی خدمت کے لیے اپنی تیاری میں مسلسل اضافہ کرتی رہے گی۔
دنیا بھر سے آنے والے بزرگ عمرہ زائرین کے لیے یہ اطمینان کی بات ہے کہ حرم نبوی میں ہنگامی طبی مدد چند لمحوں کے فاصلے پر موجود ہے۔
