سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق، مکہ مکرمہ ہیلتھ کلسٹر سے وابستہ کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی نے روبوٹ کی مدد سے کی جانے والی کامیاب دل کی سرجریوں کی تعداد 30 تک پہنچا دی ہے۔ یہ سنگ میل اس وقت عبور ہوا جب ہارٹ سرجری ٹیم نے 48 گھنٹوں سے کم وقت میں تین پیچیدہ آپریشن کامیابی سے کیے۔

ان میں ایک مریض کی متعدد کورونری شریانیں متاثر تھیں، جن میں لیفٹ اینٹیریئر ڈیسنڈنگ (LAD) شریان کی 99 فیصد شدید تنگی بھی شامل تھی۔ دوسرے مریض کا روبوٹ کی مدد سے مائٹرل والو تبدیل کر کے مکینیکل والو لگایا گیا، جبکہ تیسرا مریض دل کے دورے اور شدید ہارٹ فیلیئر کے بعد اسپتال لایا گیا تھا جس کی روبوٹ کی مدد سے کورونری بائی پاس سرجری کامیابی سے کی گئی۔

ادارے کے مطابق 30 کامیاب سرجریاں ظاہر کرتی ہیں کہ یہ پروگرام منتخب کیسز میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے آگے بڑھ کر دل کی مختلف بیماریوں سے نمٹنے کا تجربہ حاصل کر چکا ہے۔ 48 گھنٹوں سے کم میں تین جدید آپریشن ہارٹ سرجری، اینستھیزیا، انتہائی نگہداشت، نرسنگ، کارڈیک بحالی اور معاون خدمات کی ٹیموں کی تیاری اور ہم آہنگی کی عکاسی کرتے ہیں۔

یہ پیش رفت جدید طبی ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر اپنانے اور کم سے کم چیر پھاڑ والی روبوٹک ہارٹ سرجری کو وسعت دینے کی کوششوں کا تسلسل ہے، جس سے علاقے کے رہائشیوں اور ضیوف الرحمٰن (حجاج و معتمرین) کو بہتر اور محفوظ خصوصی علاج میسر آئے گا۔