سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مکہ ہیلتھ کلسٹر کے رکن کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے اعضا کی پیوندکاری مرکز کی ماہر ٹیم نے 47 سالہ سعودی مریض کی پیچیدہ سرجری کامیابی سے انجام دی۔ مریض موروثی "آٹوسومل ڈومیننٹ پولی سسٹک کڈنی ڈیزیز" میں مبتلا تھا۔
میڈیکل سٹی نے بتایا کہ مریض کے دونوں اصل گردے غیر معمولی طور پر بڑھ چکے تھے جن کی لمبائی 22 اور 24 سینٹی میٹر تھی۔ انہیں نکالنے کے ساتھ ہی ایک ہی جراحی چیرے کے ذریعے زندہ عطیہ دہندہ کے گردے کی پیشگی پیوندکاری کی گئی، یعنی ڈائیلاسز شروع ہونے سے پہلے۔ اسے ایک نادر عمل قرار دیا گیا جس کے لیے اعلیٰ مہارت اور مختلف طبی ٹیموں کے درمیان گہری ہم آہنگی درکار ہوتی ہے۔
آپریشن 10 گھنٹے سے زائد مسلسل جاری رہا جس میں پیوندکاری کے سرجنز، اینستھیزیا، نرسنگ اور معاون شعبوں کی ٹیمیں شریک تھیں۔ الحمدللہ سرجری کامیاب رہی، نیا گردہ فوراً کام کرنے لگا اور مریض کی حالت مستحکم ہے۔
میڈیکل سٹی کے مطابق اس علاج سے بیماری سے جڑی پیچیدگیاں ختم ہو گئیں، مریض کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئی اور وہ ڈائیلاسز اور اس سے وابستہ مستقبل کے طبی مسائل سے بچ گیا۔ یہ کیس ظاہر کرتا ہے کہ ایسی انتہائی پیچیدہ پیوندکاری سرجری اب مکہ مکرمہ میں ہی دستیاب ہے۔
