سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں غیر قانونی طریقے سے موجود یمنی شہریت رکھنے والے تمام افراد کی حیثیت درست کرنے کے اقدامات شروع کیے جا رہے ہیں۔ یہ فیصلہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر کیا گیا، جو یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رشاد محمد العلیمی کی درخواست کے جواب میں جاری ہوئیں۔
وزارت داخلہ یہ اقدامات وزارت خارجہ، وزارت افرادی قوت و سماجی ترقی اور سعودی ڈیٹا و مصنوعی ذہانت اتھارٹی (سدایا) کے تعاون سے انجام دے گی۔ ایس پی اے کے مطابق یہ قدم برادر یمنی عوام کے لیے سعودی قیادت کی مسلسل حمایت اور برادرانہ مؤقف کا تسلسل ہے۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے یمنی پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے۔ وزارت کے مطابق اقدامات کے آغاز کی تاریخ اور ان کے ضوابط کا اعلان جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس (جوازات) اور متعلقہ اداروں کے سرکاری اکاؤنٹس کے ذریعے کیا جائے گا۔
جن افراد پر یہ فیصلہ لاگو ہوتا ہے، ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ صرف انہی سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر انحصار کریں۔
