سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود بن عبدالعزیز نے اپنے دفتر میں نیشنل کنسٹرکشن اکیڈمی اور شبہ الجزیرہ کنٹریکٹنگ کمپنی کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب کی سرپرستی کی، جس کا مقصد 500 سعودی شہریوں کو تربیت دے کر ملازمت فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر نائب گورنر شہزادہ فہد بن سعد بن فیصل بن سعد بھی موجود تھے۔

دستخط اس وقت ہوئے جب گورنر نے علاقے میں تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر احمد الحمودی اور ہیومن ریسورسز ڈویلپمنٹ فنڈ کی علاقائی شاخ کے ڈائریکٹر محمد النہابی سے ملاقات کی۔

معاہدے کے تحت تعمیرات کے شعبے کے لیے قومی افرادی قوت تیار کی جائے گی، اکیڈمی کے تربیتی پروگراموں سے شعبے کی ضرورت کے مطابق فائدہ اٹھایا جائے گا، اور تجربات کے تبادلے کے ساتھ خصوصی کانفرنسوں اور سیمینارز میں شرکت بھی ہوگی۔

شہزادہ فیصل نے کہا کہ تربیت کو لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے جوڑنے والے معاہدے اور تربیتی اداروں و نجی شعبے کی شراکت اہمیت رکھتے ہیں، اور قومی افرادی قوت پر سرمایہ کاری لیبر مارکیٹ اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کی بنیادی ستون ہے۔

اکیڈمی کی جانب سے معاذ الہذلول اور کمپنی کی جانب سے انجینئر احمد سلیمان نے معاہدے پر دستخط کیے۔