چینی کمپنی دالیبال ہولڈنگز لمیٹڈ (Dalipal) کا سعودی عرب میں توانائی کے آلات کی جدید اسمارٹ مینوفیکچرنگ کا مرکز قائم کرنے کا منصوبہ عملی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ کمپنی نے شاہ سلمان انرجی پارک (اسپارک) کے ساتھ 1,030,916 مربع میٹر زمین کی 25 سالہ لیز کا معاہدہ کیا ہے۔

معاہدے کے تحت ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج (HKEX: 1921) میں درج دالیبال ہولڈنگز کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی اس جگہ کو سعودی عرب، مشرقِ وسطیٰ اور بین الاقوامی منڈیوں کے لیے ایک بڑے پیداواری پلیٹ فارم میں تبدیل کرے گی۔

منصوبے میں مجموعی سرمایہ کاری تقریباً 2.1 ارب ڈالر متوقع ہے، جس میں پہلے مرحلے کے لیے قریب 600 ملین ڈالر شامل ہیں۔ یہ سرمایہ کاری بغیر جوڑ کے فولادی پائپوں کی جدید تیاری کے لیے ہو گی، جن میں تیل و گیس کے کنوؤں کے کیسنگ اور پروڈکشن پائپ، ڈرل پائپ اور ہائیڈروجن پائپ شامل ہیں۔

اسپارک کے صدر و چیف ایگزیکٹو مشعل الزغیبی نے اس معاہدے کو دالیبال کی سرمایہ کاری میں اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کا حجم کمپنی کی مملکت سے وابستگی اور چین کی صفِ اول کی صنعتی کمپنیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

دالیبال ہولڈنگز کے بورڈ چیئرمین نے سعودی عرب کو کمپنی کی اسٹریٹجک منڈی اور بین الاقوامی توسیع کا اہم ستون قرار دیا اور یقین ظاہر کیا کہ یہ منصوبہ چین اور سعودی عرب کے اقتصادی تعاون کی مثال بنے گا۔ یہ منصوبہ نومبر 2024 میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا تسلسل ہے، جو دس لاکھ مربع میٹر سے زائد رقبے پر فولادی پائپ پلانٹ کے لیے تھی۔