جمعہ کی رات ایک کم عمر منگولین ’حُر‘ باز کی بولی 1.4 ملین سعودی ریال پر ختم ہوئی، جس کے بعد یہ سعودی بین الاقوامی باز اور شکار نمائش 2026 کے تحت جاری منگولین باز نیلامی کی تاریخ کا سب سے مہنگا باز بن گیا۔
نیلامی کی پانچویں رات تین ’حُر‘ باز مجموعی طور پر 1,651,000 ریال میں فروخت ہوئے۔ پہلا باز 151,000 ریال اور دوسرا 100,000 ریال میں بکا، جبکہ تیسرے کی بولی 100,000 ریال سے شروع ہو کر ریکارڈ قیمت تک جا پہنچی۔
نمائش میں مسلسل دوسرے سال منگولیا سے آنے والے بازوں کے لیے الگ حصہ مختص کیا گیا ہے۔ بڑے جسم، لمبے پروں، قوت برداشت اور ہلکے سے گہرے بھورے رنگوں کی وجہ سے منگولین باز شوقین افراد میں خاص مقبول ہے۔ نیلامی میں شائقین بازوں کو دیکھ کر براہ راست بولی لگا سکتے ہیں۔
قومی مرکز برائے باز کے زیر اہتمام ’سب کے لیے ایک منزل‘ کے عنوان سے منعقدہ یہ نمائش ریاض کے شمال میں ملہم کے ریاض نمائش و کانفرنس سینٹر میں ہفتے کو اختتام پذیر ہونا تھی، جس میں باز پروری، شکار، سفر، مہم جوئی اور مختلف تجربات شامل تھے۔


