سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اقامہ، محنت اور سرحدی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مملکت کے تمام علاقوں میں 24 سے 30 ستمبر 2026 (13 سے 19 ربیع الثانی 1448ھ) کے دوران کی گئی مشترکہ فیلڈ مہمات میں مجموعی طور پر 11,819 خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑا گیا۔ ان میں 5,793 اقامہ، 3,307 سرحدی سلامتی اور 2,719 لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔

غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران 1,382 افراد پکڑے گئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان میں 38 فیصد یمنی، 61 فیصد ایتھوپیائی اور 1 فیصد دیگر قومیتوں کے تھے، جبکہ غیر قانونی طریقے سے مملکت سے باہر جانے کی کوشش پر 32 افراد کو پکڑا گیا۔

خلاف ورزی کرنے والوں کو منتقل کرنے، پناہ دینے، ملازمت دینے اور ان کی پردہ پوشی میں ملوث 19 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ اس وقت 32,139 غیر ملکی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جن میں 29,934 مرد اور 2,205 خواتین شامل ہیں۔

وزارت کے مطابق 19,893 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا، 4,091 کو سفری بکنگ مکمل کرنے کے لیے بھیجا گیا اور 9,992 کو ملک بدر کر دیا گیا۔

وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا کہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مملکت میں داخلے میں مدد دینے، اندرونِ ملک منتقل کرنے، پناہ دینے یا کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنے والے کو 15 سال تک قید، 10 لاکھ ریال تک جرمانہ، گاڑی اور رہائش کی ضبطی اور نام کی تشہیر جیسی سزاؤں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ وزارت کے مطابق یہ گرفتاری کا موجب بننے والا سنگین جرم ہے۔

وزارت نے عوام سے اپیل کی کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 اور دیگر علاقوں میں 999 اور 996 پر خلاف ورزیوں کی اطلاع دیں۔ مملکت میں مقیم کارکنوں کے لیے اپنے اقامہ اور ورک دستاویزات کو درست رکھنا ضروری ہے۔