سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مشرقی ہیلتھ کلسٹر نے چھاتی کے کینسر کی ابتدائی تشخیص کے لیے 6 مقامات مختص کیے ہیں۔ یہ اقدام "دربک وردی" (آپ کی راہ گلابی) آگاہی مہم کا حصہ ہے، جس میں میموگرام کرانے کی خواہشمند خواتین کو روزانہ خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

کلسٹر کے مطابق اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ خواتین تک یہ سہولت پہنچانا اور انہیں کہیں سے بھی آسانی سے اس تک رسائی دینا ہے۔

معائنے کے مقامات میں دمام میڈیکل کمپلیکس، قطیف سینٹرل ہسپتال، جبیل جنرل ہسپتال، مي الجبر سینٹر اور قطیف میں السید علی السلمان پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میموگرام کی ایک موبائل گاڑی رواں پورے مہینے صفویٰ جنرل ہسپتال میں موجود رہے گی۔

معائنہ کرانے کی خواہشمند خواتین "صحتی" ایپ کے ذریعے قریب ترین مرکز میں وقت حاصل کر سکتی ہیں۔

مشرقی صوبے میں مقیم پاکستانی خاندانوں کی خواتین کے لیے بھی یہ باقاعدہ معائنے کا آسان موقع ہے، کیونکہ مہم کا بنیادی مقصد مرض کی بروقت تشخیص ہے۔