سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے مکہ مکرمہ میں وزارت کی عمارت میں سینئر حکام، سیکیورٹی شعبوں کے سربراہان اور حج سیکیورٹی فورسز کے کمانڈروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے عید الاضحیٰ اور حج 1447ھ کی کامیابی پر مبارکباد پہنچائی۔
یہ مبارکباد وزارت داخلہ، وزارت نیشنل گارڈ، وزارت دفاع، پریزیڈنسی آف اسٹیٹ سیکیورٹی اور جنرل انٹیلی جنس پریزیڈنسی کے ان اہلکاروں کے لیے تھی جنہوں نے حج سیکیورٹی منصوبوں پر عملدرآمد کیا۔
شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ اس سال کے منصوبے تمام سطحوں پر کامیاب رہے اور حجاج نے فضائی، زمینی اور بحری راستوں سے آمد سے لے کر مشاعر مقدسہ میں مناسک کی ادائیگی تک امن و سکون کے ماحول میں اپنا ایمانی سفر مکمل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں تبدیلیوں اور چیلنجز کے باوجود مملکت کی ترجیح یہ ہے کہ مسلمان کسی امتیاز کے بغیر امن و اطمینان سے حج ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین اور حجاج کی خدمت ایک مستقل قومی ترجیح ہے جو پہلی سعودی ریاست کے قیام سے اب تک 300 برسوں پر محیط ہے۔ انہوں نے حجاج اور حج مشنز کا ہدایات کی پابندی پر شکریہ ادا کیا اور آئندہ حج سیزن کی تیاری جلد شروع کرنے پر زور دیا۔
ملاقات میں پبلک سیکیورٹی کے ڈائریکٹر اور حج سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد بن عبداللہ البسامی نے کہا کہ حج سیکیورٹی آپریشنز سینٹر کے مرکزی کردار اور تمام اداروں کے باہمی تعاون سے حجاج کی سلامتی برقرار رکھنے میں مدد ملی۔


