سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی وزارت داخلہ ’بلاغ‘ کے نام سے ایک اقدام شروع کر رہی ہے، جس کا مقصد سیکیورٹی آگاہی کو فروغ دینا اور ایسے رویوں اور سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے کلچر کو مضبوط بنانا ہے جو معاشرے کے امن و سلامتی کو متاثر کر سکتی ہیں۔
وزارت کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی رپورٹس کی اہمیت کے بارے میں شعور بیدار کرے گا اور بتائے گا کہ متحدہ سیکیورٹی آپریشنز سینٹرز (911) اور ’کلنا امن‘ ایپ کے ذریعے اطلاع کیسے دی جائے، تاکہ خطرات کی روک تھام اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔
سرکاری اور نجی شعبے کے افراد اور ادارے 4 اکتوبر 2026 سے 60 دن تک اس میں حصہ لے سکتے ہیں۔ شرکاء نئے آئیڈیاز پیش کر سکتے ہیں اور سیکیورٹی کلچر اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دینے والا تخلیقی آگاہی مواد تیار کر سکتے ہیں۔
شرکت کے شعبوں میں ویڈیو کلپس، انفوگرافک ڈیزائن، تخلیقی کام، اور بصری و تحریری میڈیا رپورٹس شامل ہیں جو معاشرے کے تحفظ میں سیکیورٹی رپورٹس کے کردار کو اجاگر کریں۔
وزارت یہ اقدام عربین کنٹریکٹنگ سروسز کمپنی کے تعاون سے نافذ کر رہی ہے تاکہ جدید ذرائع ابلاغ سے ہم آہنگ طریقوں سے آگاہی کے پیغامات پہنچائے جا سکیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سمیت تمام رہائشیوں کے لیے 911 اور ’کلنا امن‘ ایپ اطلاع دینے کے سرکاری ذرائع ہیں۔
