سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق، سعودی ایئر لائن ریاض ایئر نے انڈیگو (نیلگوں) رنگ میں رنگے اپنے پہلے بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے کی پہلی تصاویر جاری کی ہیں۔ یہ طیارہ امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں بوئنگ کی پینٹ تنصیب سے باہر آیا ہے۔

انڈیگو اور لیونڈر رنگوں پر مشتمل یہ دلکش ڈیزائن صحرا کے بہاری پھولوں کے رنگوں اور عربی خطاطی کے فن سے متاثر ہے اور ایئر لائن کی موتی جیسی سفید شناخت سے ہم آہنگ ہے۔ توقع ہے کہ ریاض ایئر کے بیڑے میں ہر دس میں سے ایک طیارہ یہی انڈیگو ڈیزائن رکھے گا۔ طیارے کی حوالگی جلد متوقع ہے اور یہ جلد ہی کمپنی کے زیر خدمت 15 بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں سے کسی ایک پر نظر آئے گا۔

ریاض ایئر کے چیف ایگزیکٹو ٹونی ڈگلس نے کہا کہ پہلے انڈیگو طیارے کو پینٹ شاپ سے نکلتے دیکھنا ریاض ایئر کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ ان کے مطابق صحرائی بہاری پھولوں اور عربی خطاطی کے حسن سے متاثر یہ ڈیزائن برانڈ کو ایک نمایاں اور منفرد پہچان دیتا ہے جو دنیا بھر کے ہوائی اڈوں پر نمایاں ہوگی۔

ڈگلس نے کہا کہ موتی جیسی سفید شناخت کے ساتھ یہ ڈیزائن ایک جدید اور پراعتماد سعودی شناخت کی عکاسی کرتا ہے اور کمپنی کی ترقی کا ایک اور اہم سنگ میل ہے، جو چار ماہ سے بھی کم عرصے میں 10 طیاروں اور 15 منزلوں تک پہنچ چکی ہے۔