سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی وزارتِ صحت نے سانس کے وائرسوں کے سرگرم موسم کے آغاز کے ساتھ تنفسی انفیکشن کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ متوقع موسمی سرگرمی کے دائرے میں ہے۔

وزارت کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران تنفسی انفیکشن سے متعلق انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) میں داخلوں میں پچھلی مدت کے مقابلے میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزارت نے متعلقہ گروپوں سے اپیل کی ہے کہ وہ "صحتی" ایپ پر وقت لے کر تجویز کردہ ویکسین لگوائیں، جن میں موسمی انفلوئنزا اور ریسپائریٹری سنسیشیئل وائرس (آر ایس وی) کی ویکسین شامل ہیں، تاکہ شدید بیماری اور پیچیدگیوں کا خطرہ کم ہو۔

انفلوئنزا کی پیچیدگیوں کے زیادہ خطرے والے گروپوں میں دائمی امراض کے شکار افراد، 50 سال سے زائد عمر کے لوگ، 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچے، حاملہ خواتین، شدید موٹاپے کے شکار افراد اور طبی عملہ شامل ہیں۔

وزارت نے ہاتھوں کی صفائی، کھانسنے اور چھینکنے کے آداب، بند جگہوں کو ہوادار رکھنے، ماسک پہننے اور علامات ظاہر ہونے پر دوسروں سے میل جول کم کرنے پر زور دیا۔ مملکت میں مقیم افراد بھی اسی ایپ کے ذریعے ویکسین کا وقت لے سکتے ہیں۔