مکہ ہیلتھ کلسٹر کے رکن کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ہارٹ سینٹر نے ایک عراقی حاجی کی جان بچا لی، جو خود اعصابی علوم (نیوروسائنس) کے ماہر ڈاکٹر ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق انہیں شدید دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے باعث دل کو خون کی فراہمی بحال کرنے اور دل کے پٹھے کو سنگین پیچیدگیوں سے بچانے کے لیے فوری کیتھیٹر مداخلت ضروری تھی۔

میڈیکل سٹی نے بتایا کہ حاجی شدید قلبی علامات کے ساتھ پہنچے۔ ای سی جی میں دل کے پٹھے کی نچلی دیوار میں شدید انفارکشن ظاہر ہوا، جس پر انٹروینشنل کارڈیالوجی ٹیم نے فوری علاج شروع کیا اور انہیں براہِ راست کیتھ لیب منتقل کیا گیا۔

کیتھیٹرائزیشن سے دائیں کورونری شریان کی مکمل بندش سامنے آئی۔ ٹیم نے شریان کھول کر جدید دوائی والا اسٹنٹ نصب کیا اور شریانوں کی اندرونی امیجنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے یقینی بنایا کہ اسٹنٹ درست طور پر پھیلے اور مناسب جگہ پر بیٹھے، تاکہ علاج کے بہتر نتائج اور جلد صحت یابی ممکن ہو۔

میڈیکل سٹی کے مطابق کسی پیچیدگی کے بغیر خون کا بہاؤ بہترین انداز میں بحال ہوا اور حاجی صحت یاب ہو کر رخصت ہو گئے۔ دل کی اہم علامات کی مسلسل نگرانی کے لیے اسمارٹ واچ ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کا دور سے فالو اپ جاری ہے۔

حاجی ڈاکٹر نے فوری ردعمل، معیاری طبی نگہداشت اور حسنِ سلوک پر دلی شکریہ ادا کیا، مملکت اور اس کی قیادت کے لیے دعا کی اور ضیوف الرحمٰن کو فراہم کی جانے والی خدمات اور جدید طبی سہولتوں کو سراہا۔ میڈیکل سٹی نے کہا کہ حج سیزن کے دوران اس کی ماہر ٹیمیں نازک کیسز اور جان بچانے والی مداخلتوں کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔