سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جنوب مغربی سعودی عرب کے علاقے جازان کی گورنریٹ صامطہ قدرت اور ثقافتی و سماجی ورثے کا حسین امتزاج ہے، جہاں زرعی میدان، وادیاں، گاؤں، ساحلی پٹیاں، تاریخی مقامات اور روایتی بازار موجود ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات نے تفریح کے مواقع میں بھی اضافہ کیا ہے۔
جازان ریجن میونسپلٹی نے صامطہ بلدیہ اور السہی و القفل مراکز کی بلدیات کے ذریعے مجموعی طور پر ایک ارب 628 ملین ریال مالیت کے 156 مکمل اور جاری منصوبے شروع کیے ہیں، جن کا مقصد بنیادی ڈھانچے اور بلدیاتی سہولیات کی ترقی، شہری منظرنامے میں بہتری اور خدمات کا معیار بلند کرنا ہے۔
ان میں سے 822 ملین ریال کے 89 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 806 ملین ریال کے 67 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان میں سڑکوں کی تعمیر و اسفالٹ، فٹ پاتھ اور روشنی، بارش اور سیلابی پانی کی نکاسی، اور باغات، پارکس و بلدیاتی سہولیات کی ترقی شامل ہے۔
جازان ریجن کے میئر انجینئر یحییٰ الغزوانی نے صامطہ، السہی اور القفل کے فیلڈ دورے میں متعدد منصوبوں کا معائنہ کیا، کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کے طریقوں پر بات کی۔
میونسپلٹی کے مطابق یہ منصوبے صامطہ کو سیاحوں اور تفریح کے لیے آنے والوں کے استقبال کے لیے بہتر طور پر تیار کرتے ہیں۔ جازان میں مقیم پاکستانی خاندانوں کے لیے بھی یہ تفریح کے نئے مواقع ہیں۔



