سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مملکت کے تمام علاقوں میں 23 اپریل سے 29 اپریل 2026 تک جاری رہنے والی مشترکہ فیلڈ مہمات کے دوران اقامہ، محنت اور سرحدی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مجموعی طور پر 11,300 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں 6,244 اقامہ قانون، 3,543 سرحدی سلامتی قانون اور 1,513 محنت کے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔
اسی عرصے میں غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 1,330 افراد پکڑے گئے، جن میں 43 فیصد یمنی، 54 فیصد ایتھوپیائی اور 3 فیصد دیگر قومیتوں سے تعلق رکھتے تھے۔ اس کے علاوہ 51 افراد کو غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کر کے مملکت سے باہر جانے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو لانے لے جانے، پناہ دینے، ملازمت دینے اور ان کی پردہ پوشی میں ملوث 14 افراد بھی پکڑے گئے۔
وزارت نے بتایا کہ اس وقت 29,913 غیر ملکی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جن میں 27,699 مرد اور 2,214 خواتین شامل ہیں۔ 18,601 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا، 4,337 کو سفری بکنگ مکمل کرنے کے لیے بھیجا گیا اور 14,855 کو ملک بدر کر دیا گیا۔
وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ سرحدی سلامتی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مملکت میں داخل کرانے، اندرون ملک ان کی نقل و حمل، انہیں رہائش فراہم کرنے یا کسی بھی شکل میں مدد یا خدمت فراہم کرنے والا شخص 15 سال تک قید، دس لاکھ ریال تک جرمانے، نقل و حمل کے ذریعے اور رہائش کی ضبطی کے علاوہ نام کی تشہیر جیسی سزاؤں کا سامنا کر سکتا ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ یہ جرم گرفتاری کے موجب سنگین جرائم میں شامل ہے اور اسے عزت و امانت کے منافی سمجھا جاتا ہے۔ شہریوں اور مقیمین سے اپیل کی گئی ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 اور 996 پر کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع دیں۔ سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن کے لیے یہ یاد دہانی اہم ہے کہ درست اقامہ اور ورک دستاویزات ہی قانونی مشکلات سے بچاؤ کا محفوظ راستہ ہیں۔
