سعودی وزیرِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد اور حج، عمرہ و زیارت سے متعلق وزارت کے کاموں کے نگرانِ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے مکہ مکرمہ ریجن میں وزارت کی شاخ کو ہدایت جاری کی ہے۔
ہدایت کے مطابق 1447 ہجری کے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ، مرکزی علاقے اور مشاعرِ مقدسہ میں حجاج کے زیرِ استعمال تمام جامع مساجد اور مساجد کے ائمہ و مؤذنین اذان اور اقامت کے درمیان انتظار کا وقت کم کرنے کے پابند ہوں گے۔
اس فیصلے کے تحت نمازِ فجر کے لیے یہ وقفہ 15 منٹ جبکہ ظہر، عصر، مغرب اور عشا کے لیے 5 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔ جمعہ کا خطبہ اور نماز مل کر 15 منٹ سے زیادہ نہیں ہوں گے۔
یہ فیصلہ ہجوم کو مدنظر رکھتے ہوئے اور رش کے اوقات میں حجاج کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ حج سیزن کے لیے وزارت کے آپریشنل پلان کا حصہ ہے، جس کا مقصد مرکزی علاقے اور مشاعر میں بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنا اور مساجد کے اندر اور اطراف نمازیوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔
