سعودی وزارت سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ یونیفائیڈ ٹورازم سینٹر (930) کو اس سال (1447ھ) کے حج سیزن کے دوران عازمین حج کی 35,000 سے زائد کالز موصول ہوئیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ پورے سیزن میں چوبیس گھنٹے حجاج کی خدمت کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

وزارت نے بتایا کہ سینٹر نے عازمین کے سوالات کے جوابات دیے اور ان کی تجاویز و آراء پر تیزی اور مؤثر انداز میں کارروائی کی، تاکہ وہ آرام اور اطمینان سے مناسک ادا کر سکیں۔

وزارت کے مطابق یہ کوششیں متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مربوط اور مشترکہ کام کا حصہ ہیں، جن کا مقصد مشاعر مقدسہ میں حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بلند کرنا ہے۔

وزارت نے کہا کہ وہ سینٹر کو موصول ہونے والی تمام شکایات، اطلاعات اور سوالات پر فوری کارروائی کرتی ہے۔ سینٹر 930 سیاحتی رہائشی سہولیات اور ٹریول اینڈ ٹورازم دفاتر کی خدمات کی نگرانی کا اہم ذریعہ ہے۔ پاکستان سے آنے والے عازمین اور ان کے اہل خانہ ہوٹل یا ٹریول ایجنسی سے متعلق کسی بھی مسئلے پر اس نمبر سے رجوع کر سکتے ہیں۔