سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے زور دے کر کہا ہے کہ حج کے لیے اجازت نامہ (پرمٹ) حاصل کرنے کی شرط کی خلاف ورزی کرنے والے مقیم افراد کو 20,000 ریال جرمانہ کیا جائے گا، انہیں ملک بدر کیا جائے گا اور ان کے مملکت میں داخلے پر 10 سال کی پابندی عائد ہوگی۔

وزارت نے واضح کیا کہ باقاعدہ حج پرمٹ حاصل کرنا فریضۂ حج کی ادائیگی کی بنیادی شرط ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت نے سب سے اپیل کی کہ اس سال (1447ھ) کے حج سیزن کی ہدایات کی پابندی کریں اور عازمین کی سلامتی کے لیے متعلقہ اداروں سے تعاون کریں، کیونکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی سزائیں لاگو ہوں گی۔

وزارت نے شہریوں اور مقیم افراد سے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 پر اور مملکت کے باقی علاقوں میں 999 پر دیں۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے یہ اہم یاد دہانی ہے کہ حج کا ارادہ رکھنے والے ہر مقیم کو پہلے سرکاری اجازت نامہ لینا ضروری ہے تاکہ وہ سخت سزاؤں سے محفوظ رہے۔