سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ جو شخص بھی بغیر اجازت نامے حج ادا کرتے یا ادا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا، اس پر 20,000 ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ غیر قانونی طور پر حج میں شامل ہونے کی کوشش کرنے والے مقیم افراد اور ویزا مدت ختم ہونے کے بعد رکنے والوں کو ان کے ملک واپس بھیجا جائے گا اور ان کے مملکت میں داخلے پر 10 سال کی پابندی ہوگی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ سزائیں ذوالقعدہ کی پہلی تاریخ سے ذوالحجہ کی چودہ تاریخ کے اختتام تک نافذ رہیں گی۔

وزارت نے سب سے اپیل کی کہ اس سال (1447ھ) کے حج سیزن کی ہدایات کی پابندی کریں اور عازمین کی سلامتی کے لیے متعلقہ اداروں سے تعاون کریں، کیونکہ خلاف ورزی پر قانونی سزائیں لاگو ہوں گی۔

خلاف ورزیوں کی اطلاع مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 پر اور مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 پر دی جا سکتی ہے۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کارکنوں اور خاندانوں کو مشورہ ہے کہ صرف سرکاری اجازت نامے کے ساتھ ہی حج کا ارادہ کریں۔