سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ حج کے قواعد و ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے بغیر اجازت نامے شہریوں یا مقیمین کو لے جاتے ہوئے پکڑے جانے والے ہر شخص کو 50,000 ریال تک جرمانہ اور 6 ماہ تک قید کی سزا دی جائے گی۔

اس کے ساتھ نقل و حمل میں استعمال ہونے والی زمینی گاڑی کو عدالتی حکم کے ذریعے ضبط کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اگر لے جانے والا غیر ملکی ہو تو سزا مکمل ہونے کے بعد اسے ملک بدر کیا جائے گا اور قانون میں مقررہ مدت تک اس کے مملکت میں داخلے پر پابندی ہوگی۔

وزارت نے زور دیا کہ حج کی ادائیگی کے لیے باقاعدہ حج پرمٹ حاصل کرنا بنیادی شرط ہے۔ وزارت نے سب سے اس سال (1447ھ) کے حج سیزن کی ہدایات کی پابندی اور ضیوف الرحمن کی سلامتی کے لیے متعلقہ اداروں سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی سزائیں لاگو ہوں گی۔

وزارت نے خلاف ورزیوں کی اطلاع مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 پر اور مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 پر دینے کی اپیل کی ہے۔ سعودی عرب میں ڈرائیور یا گاڑیوں کے مالک کے طور پر کام کرنے والے پاکستانیوں کے لیے یہ انتباہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔