سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جدہ گورنریٹ کے باسیوں نے "ہمارا فخر ہماری فطرت میں" (عزنا بطبعنا) کے عنوان کے تحت سعودی قومی دن منایا۔ مختلف مقامات پر، خصوصاً جدہ واٹر فرنٹ کے کورنیش پر ہونے والی تقریبات میں ہر عمر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریبات کے مقامات پر شہری، مقیمین اور سیاح بڑی تعداد میں پہنچے۔ یہ موقع وطن سے وابستگی اور وفاداری کے جذبات کو تازہ کرتا ہے اور مختلف شعبوں میں ملک کی عظیم کامیابیوں اور ترقی کی یاد دلاتا ہے۔

سرگرمیوں میں مختلف شوز، تھیٹر پروگرام، فنون لطیفہ کی نمائشیں، پورے خاندان کے لیے تفریحی گوشے اور گاڑیوں و سائیکلوں کی پریڈ شامل تھی۔ لوک ثقافت اور قومی نغموں کے پروگرام پیش کیے گئے، جبکہ لائٹ اینڈ ساؤنڈ شوز میں وطن کی تاریخ اور تعمیر کے سفر کو اجاگر کرنے والی اشکال اور عبارات پیش کی گئیں۔

ایس پی اے کے مطابق جدہ کی تقریبات میں قومی جوش و خروش اور شہر کی ساحلی پہچان یکجا نظر آئی۔ ہر عمر کے لیے انٹرایکٹو سرگرمیوں نے شرکا کو یادگار وقت گزارنے کا موقع دیا اور معاشرتی شرکت کو فروغ دیا۔

جدہ میں مقیم پاکستانی برادری سمیت غیر ملکی خاندانوں کے لیے کورنیش کی یہ کھلی تقریبات سعودی خاندانوں کے ساتھ قومی خوشی میں شریک ہونے کا موقع تھیں۔