سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے آج ریاض میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور ایوان صدر کے سربراہ شیخ منصور بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔

شیخ منصور بن زاید نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی جانب سے ولی عہد کو نیک تمنائیں پہنچائیں، جبکہ ولی عہد نے بھی اماراتی صدر کے لیے اپنی نیک تمنائیں ارسال کیں۔

ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز بھی موجود تھے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات خلیج کے دو ہمسایہ ممالک ہیں، اور ان کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے دونوں ممالک میں مقیم تارکین وطن سمیت خطے کے تمام باسیوں کے لیے استحکام کے حوالے سے اہمیت رکھتے ہیں۔