سعودی عرب کے مشرقی ہیلتھ کلسٹر نے "لا یفوتک الموسم" ویکسینیشن مہم کے تحت مشرقی ریجن کے شہروں، گورنریٹس اور دیہات میں 121 بنیادی مراکز صحت کو موسمی انفلوئنزا ویکسین کی فراہمی کے لیے مختص کیا ہے۔

ویکسین ان مراکز کے اوقات کار کے دوران لگائی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں، چاہے وہ "صحتی" ایپ کے ذریعے وقت بک کریں یا براہ راست قریبی مرکز صحت جائیں۔

کلسٹر کے مطابق اس کا مقصد ویکسین کی اہمیت کے بارے میں آگاہی بڑھا کر معاشرے کی صحت کو مضبوط بنانا، اللہ کے حکم سے فلو سے بچاؤ اور خاص طور پر زیادہ خطرے سے دوچار طبقات میں پیچیدگیوں کو کم کرنا ہے۔

کلسٹر نے زور دیا کہ فلو کی پیچیدگیوں کے زیادہ خطرے سے دوچار افراد، یعنی بزرگ، بچے، حاملہ خواتین اور دائمی امراض میں مبتلا افراد، ویکسین ضرور لگوائیں۔

یہ مہم بچاؤ کو فروغ دینے اور حفاظتی خدمات تک رسائی آسان بنانے کی کلسٹر کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ مشرقی ریجن میں مقیم پاکستانی خاندان بغیر پیشگی وقت لیے بھی اپنے قریبی مرکز سے ویکسین لگوا سکتے ہیں۔