سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی وژن 2030 کے پروگراموں میں سے ایک 'ضیوف الرحمن کی خدمت کا پروگرام' نے '#شرف_و_اثر' کے عنوان سے 2025 کی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں حجاج، معتمرین اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2025 میں بیرون ملک سے 19.5 ملین سے زائد حجاج و معتمرین مملکت آئے، جن میں 18.03 ملین معتمرین اور 1.5 ملین حجاج شامل تھے۔ 2022 کے مقابلے میں معتمرین کی تعداد میں 114 فیصد اضافہ ہوا۔ حجاج کے اطمینان کی شرح 91 فیصد اور معتمرین کی 94 فیصد رہی، جو وژن 2030 کے اہداف سے زیادہ ہے۔

روضہ شریفہ میں 2025 کے دوران 16 ملین سے زائد زائرین حاضر ہوئے اور ان کے اطمینان کی شرح 2022 کے 57 فیصد سے بڑھ کر 88 فیصد ہو گئی۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تیار تاریخی مقامات اور ثقافتی مراکز کی تعداد بڑھ کر 87 ہو گئی، جہاں 55 ملین سے زائد دورے ریکارڈ ہوئے۔

پروگرام نے 2025 میں 60 سے زائد عمل درآمد کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر 87 اقدامات مکمل کیے اور 100 فیصد تعمیل کی شرح حاصل کی۔ اس سال 184,569 رضاکاروں نے ضیوف الرحمن کی خدمت میں حصہ لیا۔ بین الاقوامی اشاریوں میں مکہ مکرمہ بین الاقوامی زائرین کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں اور مدینہ منورہ سیاحتی کارکردگی کے اشاریے میں ساتویں نمبر پر رہا۔

رپورٹ کے مطابق عمرہ، وزٹ اور دیگر اقسام کے مجموعی طور پر 15.03 ملین ویزے جاری ہوئے، جن میں 83 فیصد عمرہ ویزے تھے۔ عمرہ ویزے پر آنے والوں میں پاکستان، انڈونیشیا اور مصر سرفہرست رہے۔ رپورٹ نے ان کامیابیوں کو اللہ کے فضل اور قیادت کی غیر معمولی حمایت کا نتیجہ قرار دیا۔ پاکستانی عازمین کے لیے یہ اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ عمرہ کے سفر میں ان کا حصہ نمایاں ہے۔