سعودی وزارت داخلہ کے الیکٹرانک پلیٹ فارم 'ابشر' نے 2026 کی پہلی ششماہی کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق اس عرصے میں ابشر افراد اور ابشر اعمال کے ذریعے 240,268,250 الیکٹرانک لین دین انجام دیے گئے۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ اعداد و شمار ملہم میں منعقدہ لیپ (LEAP 2026) کانفرنس و نمائش میں وزارت کے پویلین میں پیش کیے گئے۔

ابشر افراد پر 225,360,865 لین دین ہوئے، جن میں ڈیجیٹل دستاویزات والیٹ کے ذریعے 174,906,632 مرتبہ دستاویزات دیکھی گئیں۔ یہ والیٹ ابشر ایپ میں شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ ابشر اعمال پر لین دین کی تعداد 14,907,385 رہی۔

پبلک سیکیورٹی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کی خدمات پر 19,783,008 لین دین ہوئے، جن میں سے 19,180,391 ٹریفک کے جنرل ڈیپارٹمنٹ سے متعلق تھے۔ جوازات (پاسپورٹ) کے جنرل ڈائریکٹوریٹ میں 13,958,889 اور وزارت داخلہ کی سول افیئرز ایجنسی میں 2,793,820 لین دین ریکارڈ کیے گئے۔

ابشر افراد کی عمومی خدمات کے تحت 'ابشر رپورٹس' سروس کے ذریعے 631,161 رپورٹس جاری ہوئیں، جبکہ فنگر پرنٹ سے متعلق 12,168 عمومی استفسارات کیے گئے۔

وزارت کے مطابق ابشر کے ذریعے جاری ہونے والی متحدہ ڈیجیٹل شناخت شہریوں، مقیم افراد اور زائرین کو ابشر افراد، ابشر اعمال اور ابشر حکومت کے ذریعے وزارت کی خدمات تک آسان اور قابل اعتماد رسائی دیتی ہے، اور قومی متحدہ رسائی پورٹل 'نفاذ' کے ذریعے سرکاری و نجی اداروں تک رسائی ممکن بناتی ہے۔ مملکت میں مقیم پاکستانی اور دیگر غیر ملکی کمیونٹیز کے لیے ٹریفک، جوازات اور دستاویزات سے متعلق بہت سے کام اسی پلیٹ فارم پر آن لائن انجام پاتے ہیں۔