سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اس سال 1447 ہجری کے حج سیزن کی تیاری میں حجاج کی سلامتی اور پرامن ادائیگی حج کے لیے متعدد انتظامات اور اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
اول: پیر 25 شوال 1447 ہجری بمطابق 13 اپریل 2026 سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کے خواہش مند مقیم افراد کے لیے متعلقہ حکام سے سرکاری اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہوگا اور اجازت نامے کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مکہ مکرمہ سے جاری اقامہ رکھنے والے، حج پرمٹ رکھنے والے اور "ابشر افراد" و "مقیم" پورٹل سے "تصریح" پلیٹ فارم کے ذریعے جاری مشاعر مقدسہ کے ورک پرمٹ رکھنے والے اس سے مستثنیٰ ہیں۔
دوم: عمرہ ویزا پر آنے والوں کے لیے مملکت سے روانگی کی آخری تاریخ ہفتہ یکم ذوالقعدہ 1447 ہجری بمطابق 18 اپریل 2026 ہے۔
سوم: سعودی شہریوں، خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے شہریوں، مملکت میں مقیم افراد اور دیگر ویزا رکھنے والوں کے لیے "نسک" پلیٹ فارم سے عمرہ اجازت ناموں کا اجرا ہفتہ یکم ذوالقعدہ (18 اپریل 2026) سے اتوار 14 ذوالحجہ 1447 ہجری (31 مئی 2026) تک معطل رہے گا۔
چہارم: ہفتہ یکم ذوالقعدہ 1447 ہجری (18 اپریل 2026) سے حج ویزا رکھنے والوں کے سوا کسی بھی قسم کے ویزا رکھنے والے کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزارت نے سب سے ان ہدایات کی پابندی اور متعلقہ اداروں سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
