سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے تمام حج امور کے دفاتر اور حج خدمات فراہم کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ عازمین کو اس سال 1447 ہجری کے حج کے لیے سرکاری اجازت نامہ حاصل کرنے اور منظور شدہ قانونی راستوں پر عمل کرنے کی ضرورت سے آگاہ کریں۔

وزارت نے واضح کیا کہ فریضہ حج کی ادائیگی صرف ان افراد کے لیے ہے جن کے پاس متعلقہ حکام کا جاری کردہ سرکاری اجازت نامہ ہو۔ بغیر اجازت نامے حج کی کسی بھی کوشش کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، کیونکہ یہ قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس پر قانونی سزائیں لاگو ہوتی ہیں۔

وزارت کے مطابق قانونی طریقہ کار کی پابندی سلامتی اور نظم و ضبط کو بہتر بناتی ہے، ہجوم کے انتظام کو مؤثر کرتی ہے، مشاعر مقدسہ میں نقل و حرکت کو رواں رکھتی ہے اور عازمین کے تجربے کو بہتر بناتی ہے۔

وزارت نے بتایا کہ حج دفاتر اور خدمات فراہم کرنے والوں کے ساتھ رابطہ گزشتہ سال کا حج سیزن ختم ہوتے ہی شروع ہو گیا تھا، جس میں باقاعدہ اجلاس اور مسلسل آگاہی پروگرام شامل ہیں تاکہ قوانین سے آگاہی اور ان کی پابندی کی سطح بلند ہو۔

سعودی عرب میں مقیم افراد کے لیے پیغام واضح ہے: حج کا ارادہ ہو تو پہلے سرکاری اجازت نامہ یقینی بنائیں۔