سعودی عرب کی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے مملکت کے تمام ٹرانسپورٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے قوانین اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ تک ہرگز نہ لے جائیں۔ یہ پابندی 14 ذوالحجہ 1447 ہجری کے اختتام تک نافذ رہے گی۔

اتھارٹی کے مطابق یہ پابندی ہر قسم کے وزٹ ویزا رکھنے والوں پر لاگو ہوتی ہے، نیز ان افراد پر بھی جن کے پاس حج پرمٹ نہیں یا جن مقیم افراد کے پاس کام یا رہائش کی غرض سے مکہ مکرمہ میں داخلے کا اجازت نامہ نہیں ہے۔

یہ ہدایت وزارت داخلہ کے اعلان کردہ ضوابط پر عمل درآمد کے تحت جاری کی گئی ہے جن کا مقصد ہجوم کی نقل و حرکت کو منظم کرنا اور عازمین کی سلامتی یقینی بنانا ہے۔ ان ضوابط کے مطابق یکم ذوالقعدہ سے 14 ذوالحجہ 1447 ہجری تک وزٹ ویزا رکھنے والوں کو مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ پہنچانے والے ہر شخص پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

سزاؤں میں اس زمینی گاڑی کی ضبطی بھی شامل ہو سکتی ہے جس کا اس مقصد کے لیے استعمال ثابت ہو جائے اور وہ ٹرانسپورٹر، شریک کار یا اس کے ساتھ ملی بھگت کرنے والے کی ملکیت ہو۔ ضبطی کا فیصلہ متعلقہ عدالت سے درخواست کے بعد ہوگا۔

اتھارٹی نے لائسنس یافتہ ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ گاڑیوں اور ڈرائیوروں کے لائسنس اور آپریٹنگ کارڈ مکمل رکھیں، مقررہ راستوں کی پابندی کریں، پیشگی اجازت کے بغیر حج کے ضوابط والے علاقوں میں داخل نہ ہوں اور چیکنگ پوائنٹس پر سکیورٹی اور نگرانی کے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

اتھارٹی نے کہا کہ یہ اقدام حج سیزن کے لیے اس کے آپریشنل منصوبے کا حصہ ہے اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈرائیونگ کے شعبے سے وابستہ مقیم افراد کے لیے ان قواعد سے آگاہ رہنا خاص طور پر اہم ہے۔