سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ حج کے قوانین و ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت نامے کے افراد کو لے جاتے پکڑے جانے والے شہریوں اور مقیمین کو 50,000 ریال تک جرمانہ اور 6 ماہ تک قید کی سزا دی جائے گی، جبکہ عدالتی حکم کے ذریعے گاڑی ضبط کرنے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق اگر ٹرانسپورٹ کرنے والا غیر ملکی ہو تو سزا پوری ہونے کے بعد اسے ملک بدر کر دیا جائے گا اور قانون میں مقررہ مدت کے لیے مملکت میں داخلے پر پابندی ہوگی۔
وزارت نے زور دیا کہ حج کی ادائیگی کے لیے باقاعدہ حج پرمٹ بنیادی شرط ہے۔ اس نے سب سے حج 1447ھ کی ہدایات کی پابندی اور ضیوف الرحمن کی سلامتی کے لیے متعلقہ حکام سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خلاف ورزی کی اطلاع مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 پر اور دیگر علاقوں میں 999 پر دی جا سکتی ہے۔ ڈرائیونگ کے پیشے سے وابستہ مقیمین کے لیے یہ انتباہ خاص طور پر اہم ہے، کیونکہ ایک سواری کی قیمت ملک بدری ہو سکتی ہے۔
