حجاج اور معتمرین کے احرام باندھنے کے نمایاں ترین میقات میں سے ایک، مسجد میقات ذو الحلیفہ کی گنجائش پہلے پانچ ہزار تھی جو اب بڑھ کر 15 ہزار سے زائد نمازیوں تک پہنچ گئی ہے۔ یہ ترقیاتی کام مدینہ منورہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی ضیوف الرحمن پروگرام کے اشتراک سے انجام دے رہی ہے۔
مسجد کے اندر 2400 مربع میٹر سے زائد رقبے پر پورا قالین تبدیل کیا گیا ہے اور صوتی نظام کو جدید مائیکروفونز اور ڈیجیٹل مکسنگ سسٹم سے بہتر بنایا گیا ہے جو اندر اور باہر 190 سے زائد اسپیکرز کو کنٹرول کرتا ہے۔
صحنوں میں 24 سے زائد مرکزی و ذیلی راہداریاں بنائی گئی ہیں، 600 سے زائد درخت اور پودے لگائے گئے ہیں اور 7 ہزار سے زائد لائٹس اور کھمبے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ 300 سے زائد ڈیجیٹل کیمروں پر مشتمل نگرانی کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔
علاقے میں کیفے، ریسٹورنٹس اور ضروری اشیا کی دکانوں سمیت 40 سے زائد تجارتی مراکز موجود ہیں۔ ترقیاتی کاموں میں ملحقہ وادی عقیق کورنیش بھی شامل ہے، جس کے ڈیزائن میں مسجد کی تعمیراتی شناخت کو اپنایا گیا ہے۔


