سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے انسانی امداد و بحالی (کے ایس ریلیف) نے شامی عرب جمہوریہ کی وزارت صحت کو 10 مکمل طور پر لیس ایمبولینسیں حوالے کی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق شام کا صحت کا شعبہ انسانی حالات اور ضروریات کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے، جن کی وجہ سے صحت کی بہت سی سہولیات، بالخصوص ایمبولینسیں، ناکارہ ہو چکی ہیں۔ یہ امداد اسی شعبے کی معاونت کے لیے دی گئی ہے۔
مرکز اس سے قبل بھی شام کو 22 ایمبولینسیں فراہم کر چکا ہے، جن کے ذریعے 5,000 سے زائد ہنگامی کیسز منتقل کیے گئے۔ ایس پی اے کے مطابق اس سے ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت پر نمایاں مثبت اثر پڑا اور سب سے زیادہ ضرورت مند صوبوں اور علاقوں میں مریضوں اور زخمیوں کی جانیں بچانے اور انہیں تیزی سے اسپتالوں اور طبی مراکز تک پہنچانے میں مدد ملی۔
یہ اقدام شام میں طبی شعبے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مملکت سعودی عرب کی جانب سے کے ایس ریلیف کے ذریعے پیش کیے جانے والے انسانی پروگراموں اور منصوبوں کے سلسلے کا حصہ ہے۔

